تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر متحدہ عرب امارات کے شہروں سے امریکی میزائل ایران کے خلاف داغے گئے تو ان مقامات کو براہ راست نشانہ بنایا جائے گا۔
ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ایسے تمام مقامات کو ہدف بنانے کا حق محفوظ رکھتا ہے جہاں سے امریکی حملے کیے جا رہے ہیں۔ہفتہ کے روز جاری بیان میں ابراہیم ذوالفقاری نے الزام لگایا کہ امریکی فوج کو خطے میں اپنے اڈوں پر نقصانات اٹھانے کے بعد اب متحدہ عرب امارات کے شہروں میں موجود بندرگاہوں، ڈاکس اور خفیہ ٹھکانوں سے ایران کے علاقوں پر میزائل حملے کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ ان کے مطابق ان حملوں کا ہدف جزیرہ ابو موسیٰ اور جزیرہ خارگ کے بعض حصے بنائے گئے۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ ایران واضح طور پر اماراتی قیادت کو آگاہ کر رہا ہے کہ اگر امریکی افواج اماراتی شہروں کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کرتی رہیں تو ایران ان مقامات کو نشانہ بنانے کو اپنا جائز دفاعی حق سمجھتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی فورسز شہری علاقوں میں بندرگاہوں، گودیوں اور پناہ گاہوں کو بطور لانچنگ پوائنٹ استعمال کر رہی ہیں۔ایران نے متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے بندرگاہوں، ڈاکس اور ان علاقوں سے دور رہیں جہاں امریکی افواج کی موجودگی یا سرگرمیوں کی اطلاعات ہیں تاکہ ممکنہ جوابی کارروائی کے دوران کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
