بنگلہ دیش میں کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے شہریوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے آزادیٔ کشمیر کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق مظاہرہ ایک عوامی مقام پر منعقد ہوا جہاں شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف پیغامات درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک متنازع خطہ ہے اور وہاں کے عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔مظاہرے کے دوران فضا “کشمیر ی چاہتے آزادی” اور “کشمیریوں سے یکجہتی” جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ بنگلہ دیش کے عوام مظلوم قوموں کے ساتھ کھڑے ہونے کی تاریخ رکھتے ہیں اور کشمیر کا مسئلہ بھی ایک انسانی اور اخلاقی مسئلہ ہے۔مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں جاری صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو انصاف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔
سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں اس نوعیت کے مظاہرے خطے میں بڑھتی ہوئی عوامی بیداری کی علامت ہیں، جہاں مختلف ممالک کے شہری عالمی انسانی حقوق کے مسائل پر اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔
