ایران کی جانب سے خلیجی خطے میں امریکی اور اسرائیلی مفادات سے وابستہ معاشی اور بینکاری اداروں کو نشانہ بنانے کی دھمکی کے بعد دبئی اور قطر میں کئی بین الاقوامی بینکوں نے احتیاطی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی مالیاتی ادارے سٹی گروپ نے دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر اور دیگر دفاتر سے عملے کو نکال کر گھر سے کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ بینک کی جانب سے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگلے احکامات تک ریموٹ ورک جاری رکھا جائے۔
اسی طرح برطانوی بینک اسٹینڈرڈ چارٹرڈ نے بھی احتیاطی اقدامات کے تحت اپنے عملے کے لیے حفاظتی انتظامات بڑھا دیے ہیں۔ دبئی اس وقت عالمی بینکاری اداروں کے لیے ایک اہم مالیاتی مرکز بن چکا ہے جہاں جے پی مورگن اور ایچ ایس بی سی سمیت کئی بڑے بینک موجود ہیں۔
دوسری جانب ایچ ایس بی سی نے بھی قطر میں اپنی تمام برانچز عارضی طور پر بند کر دی ہیں اور کہا ہے کہ یہ اقدام عملے اور صارفین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
یہ اقدامات اس وقت سامنے آئے جب ایرانی فوجی قیادت نے اعلان کیا کہ خطے میں امریکا اور اسرائیل سے وابستہ معاشی اور بینکاری مفادات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ حالیہ کشیدگی کے باعث کئی بین الاقوامی کمپنیوں اور اداروں نے بھی اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ماہرین کے مطابق خطے میں جاری جنگ نے دبئی کی بطور محفوظ مالیاتی مرکز حیثیت پر بھی اثر ڈالا ہے اور کچھ کمپنیوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ایرانی دھمکیوں کے بعد دبئی اور قطر میں بینکوں کے دفاتر خالی، عملے کو گھر سے کام کی ہدایت
