لاہور کے بعد کوئٹہ میں بھی رنگوں اور خوشیوں کے تہوار بسنت کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جہاں تقریبات آج سے شروع ہو کر 15 فروری تک جاری رہیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق بسنت کے موقع پر شہر بھر میں پتنگ بازی کے ساتھ مختلف ثقافتی سرگرمیوں اور روایتی پروگرامز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تہوار کے دوران موسیقی، فنکاروں کی پرفارمنسز، روایتی کھانوں کے اسٹالز اور تفریحی سرگرمیوں کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
تین روزہ میلے کے اعلان کے بعد شہریوں میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بازاروں میں رنگ برنگی پتنگوں، مضبوط ڈور، پیلے لباس اور دیگر بسنت سے متعلق اشیاء کی خریداری عروج پر ہے، جبکہ لوگ نئی ڈیزائن کی پتنگوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے اور حفاظتی ہدایات پر عمل یقینی بنایا جائے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بسنت کے انعقاد سے شہر کی ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور یہ تقریب سماجی اور سیاحتی حوالے سے بھی مثبت اثرات مرتب کرے گی۔
کوئٹہ میں بھی بسنت کا آغاز، تقریبات 15 فروری تک جاری
