بنگلورو میں معروف رئیل اسٹیٹ کمپنی کنفیڈنٹ گروپ کے چیئرمین اور بانی سی جے رائے نے جمعے کے روز اپنے بنگلورو دفتر میں خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ان کی کمپنیوں پر چھاپے جاری تھے۔ سی جے رائے کی عمر 57 برس تھی۔
بنگلورو پولیس کمشنر سیمت کمار سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ اشوکا نگر پولیس اسٹیشن کی حدود میں سہ پہر 3 بجے سے 3:30 بجے کے درمیان پیش آیا۔ ان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کنفیڈنٹ گروپ کے چیئرمین نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ سی جے رائے کی لاش کو ایچ ایس آر لے آؤٹ کے نارائنہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کمشنر نے مزید کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گزشتہ تین دن سے انکم ٹیکس کی تلاشی کارروائیاں جاری تھیں اور جمعے کے روز بھی انکم ٹیکس حکام سی جے رائے سے پوچھ گچھ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اصل حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
جب میڈیا نے سوال کیا کہ آیا اس واقعے کو خودکشی پر اکسانے کے زاویے سے دیکھا جا سکتا ہے، تو پولیس کمشنر نے کہا کہ تحقیقات شکایت کی بنیاد پر آگے بڑھیں گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چھاپوں کی قیادت کیرالا سے آئی انکم ٹیکس ٹیم کر رہی تھی، تاہم تاحال پولیس کی ان افسران سے بات نہیں ہو سکی ہے۔
ادھر سی جے رائے کے بھائی نے ایک ملیالم نیوز چینل سے گفتگو میں بتایا کہ کیرالہ سے تعلق رکھنے والی انکم ٹیکس ٹیم پہلی مرتبہ 3 دسمبر گزشتہ سال بنگلورو آئی تھی اور چند دن قیام کیا۔ ان کے مطابق بعد ازاں 28 جنوری کو ٹیم نے دوبارہ چھاپہ مارا اور سی جے رائے کو دبئی سے واپس بلا کر پوچھ گچھ کی گئی۔انکم ٹیکس حکام کے مطابق چھاپوں کے دوران مبینہ طور پر یہ بات سامنے آئی کہ سی جے رائے کے پاس ایسے اثاثے موجود تھے جو ان کی معلوم آمدنی سے کہیں زیادہ تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل چھاپوں اور پوچھ گچھ کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔
کنفیڈنٹ گروپ نے اپنے فیس بک پیج پر جاری بیان میں چیئرمین کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنا “محبوب قائد” قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ وہ ہم سے جدا ہو گئے ہیں، لیکن ان کی دی ہوئی راہ اور اقدار ہمیشہ کمپنی کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔ کمپنی نے اس سانحے کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔واضح رہے کہ کنفیڈنٹ گروپ جنوبی بھارت کی ایک نمایاں رئیل اسٹیٹ کمپنی ہے جس کی سرگرمیاں بالخصوص کیرالا اور کرناٹک میں پھیلی ہوئی ہیں۔ سی جے رائے کا تعلق کیرالہ کے شہر کوچی سے تھا اور وہ مہنگی اور لگژری گاڑیوں کے شوقین سمجھے جاتے تھے۔ وہ فلمی دنیا سے بھی وابستہ رہے اور انہوں نے ملیالم فلمیں بھی پروڈیوس کیں، جن میں موہن لال کی بڑی بجٹ کی فلم کاسانووا (2012) شامل ہے۔ اس کے علاوہ کنفیڈنٹ گروپ کچھ سیزنز تک بگ باس ملیالم کا ٹائٹل اسپانسر بھی رہا، جس کی میزبانی موہن لال نے کی۔سی جے رائے کی اچانک موت نے رئیل اسٹیٹ انڈسٹری میں ہلچل مچا دی ہے جبکہ کنفیڈنٹ گروپ کے ہزاروں صارفین اور ملازمین بھی اس خبر سے شدید صدمے میں مبتلا ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔
