Baaghi TV

معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست ،بھارت کی عالمی سطح پر ہزیمت کا سفر تاحال جاری

اسلام آباد: معرکۂ حق میں بھارت کو درپیش ناکامی کے اثرات عالمی سطح پر نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ دفاعی اور سفارتی حلقوں میں جاری بحث کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے انڈو پیسیفک کمانڈ کے نام میں تبدیلی کرتے ہوئے دوبارہ "یو ایس پیسیفک کمانڈ” کی اصطلاح کو اہمیت دینا شروع کر دی ہے، جسے خطے میں بدلتی ہوئی جغرافیائی اور تزویراتی ترجیحات کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں چین اور پاکستان کا بڑھتا ہوا جغرافیائی، معاشی اور عسکری کردار عالمی طاقتوں کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق خطے میں طاقت کے توازن میں تبدیلی کے باعث پاکستان کی سفارتی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ چین کے ساتھ اس کی شراکت داری بھی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت اور امریکا کے تعلقات میں بھی بعض معاملات پر سرد مہری کے آثار دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر بھاری ٹیرف عائد کیے جانے کے فیصلے کو بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں پیدا ہونے والی نئی پیچیدگیوں سے جوڑا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ علاقائی صورتحال نے عالمی برادری کو یہ پیغام دیا ہے کہ بھارت اب خطے میں اپنی مرضی کے فیصلے مسلط کرنے یا پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی پوزیشن میں نہیں رہا۔ ان کے مطابق پاکستان نے دفاعی، سفارتی اور معاشی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مؤثر اظہار کیا ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر اس کے مؤقف کو زیادہ توجہ مل رہی ہے۔دفاعی مبصرین کا مزید کہنا ہے کہ آنے والے برسوں میں جنوبی ایشیا میں نئی صف بندیاں اور تزویراتی شراکت داریاں جنم لے سکتی ہیں، جن میں پاکستان اور چین کا کردار مزید اہم ہونے کا امکان ہے۔

More posts