بھارت کے شہر ممبئی کے شمالی علاقے مالاڈ میں پولیس نے ایک 20 سالہ نوجوان کے خلاف دو ماہ کے کتے کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی اور تشدد کرنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اتوار کی شام ایک عوامی بیت الخلا میں پیش آیا۔
کُرار پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ملزم کی شناخت وکاس بیساکر پاسوان کے نام سے ہوئی ہے، جو کتے کے بچے کو بیت الخلا کے اندر لے گیا جہاں اس نے جانور کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور بعد ازاں اسے بے رحمی سے مارا پیٹا۔ اہلکار کے مطابق واقعے کے دوران وہاں سے گزرنے والے ایک شخص نے شور شرابہ دیکھا جس پر اس نے ایک جانوروں سے محبت رکھنے والی خاتون گیتا پٹیل کو اطلاع دی۔ گیتا پٹیل نے فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور ملزم کو قابو میں لے لیا۔ کتے کے بچے کو نہایت تشویشناک حالت میں ریسکیو کیا گیا، جسے فوری طور پر ایک ویٹرنری ڈاکٹر کی نگرانی میں دے دیا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
واقعے کے بعد عوامی بیت الخلا کے باہر لوگوں کی جانب سے ملزم کو پکڑنے اور ہنگامہ آرائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعہ 325 (جانوروں کو ہلاک یا معذور کرنے کی نیت سے شرارت) اور جانوروں پر ظلم کی روک تھام کے قانون (Prevention of Cruelty to Animals Act) کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم تاحال اسے باضابطہ طور پر گرفتار نہیں کیا گیا۔
