Baaghi TV

سری نگر : قابض بھارتی انتظامیہ نے جامع مسجد سیل کر کے عید نماز کی اجازت نہ دی

بھارت کے غیرقانونی زیرِقبضہ جموں کشمیر میں نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے آج مسلسل آٹھویں برس سرینگر کی تاریخی جامع مسجد سیل کر کے کشمیری مسلمانوں کو یہاں عید نماز کی ادائیگی سے روک دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انتظامیہ نے شہر کے علاقے نوہٹہ میں واقع جامع مسجد کے دروازے آج علی الصبح بند کر دیے اور مسجد کے اطراف میں بڑی تعداد میں بھارتی فورسز اہلکار تعینات کر دیے۔قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق کو آج بھی گھر میں نظربند رکھا۔ اُنہیں گزشتہ روز بھی نظربند کر کے نماز جمعہ کیلئے جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

میرواعظ عمر فاروق نے ”ایکس” پر ایک بیان میں جامع مسجد کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے اس برس بھی مسجد عید نماز کیلئے بند کردی اور مجھے بھی گھر میں نظربند رکھا۔ اُنہوں نے کہا کہ خوشی کا یہ دن کشمیری مسلمانوں کیلئے ذہنی اذیت اور کرب میں بدل گیا۔میرواعظ نے کہاکہ یہ ستم ظریفی ہے کہ ہماری مساجد اور عیدگاہوں کو تالے لگانے والے ہی سب سے پہلے ہمیں عید مبارک دیتے ہیں۔

دریں اثناء انجمنِ اوقاف جامع مسجد سری نگر نے بھی مسجد سیل کیے جانے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکام نے ایک بار پھر مسجد کے دروازے بند کر دیے اور اس کے اطراف میں فورسز کی بھاری نفری تعینات کر کے یہاں عید نماز ادا نہیں کرنے دی۔ یاد رہے کہ اگست 2019ء میں جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے جامع مسجد سرینگر متواتر طورپر عید نماز کیلئے بند کر دی جاتی ہے۔

جموں کشمیر غزنوی فورس کی جانب سے عید الفطر کا پیغام
عید الفطر کے پُرمسرت موقع پر جموں کشمیر غزنوی فورس کی جانب سے اُمتِ مسلمہ بالخصوص اہلِ جموں کشمیر اور پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔ یہ دن اللہ تعالیٰ کی رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا پیغام لے کر آتا ہے، جو ہمیں صبر، قربانی اور استقامت کا درس دیتا ہے۔ہم اس خوشی کے موقع پر اُن شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے آزادی کی شمع کو روشن رکھا۔ ہم اُن اسیرانِ حریت اور متاثرہ خاندانوں کو بھی یاد رکھتے ہیں جو آج بھی بھارتی ظلم و جبر کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔ عید کی حقیقی خوشیاں تب ہی مکمل ہوں گی جب ہم ان قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے اپنے مقصد سے جڑے رہیں گے۔
جموں کشمیر غزنوی فورس نوجوانوں اور عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اتحاد، حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں۔ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اور اپنے حق کے لیے کھڑا ہونا ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حق پر قائم رکھے، شہداء کے درجات بلند فرمائے، قیدیوں کو رہائی نصیب کرے اور جموں کشمیر کو جلد آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ آمین

More posts