بھارت کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق مختلف ریاستوں میں سیاسی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست آسام میں بی جے پی اتحاد این ڈی اے نے 92 نشستیں حاصل کر کے واضح برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ حکومت بنانے کے لیے 126 رکنی اسمبلی میں 64 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔
تامل ناڈو میں اداکار سے سیاستدان بننے والے جوزف وجے کی جماعت نے حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے 108 نشستیں جیت لی ہیں، تاہم 234 رکنی اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے 118 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے، جس کے باعث صورتحال دلچسپ ہو گئی ہے۔
مغربی بنگال میں بی جے پی کو 206 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی جماعت ترنمول کانگریس 80 نشستیں حاصل کر سکی ہے۔ 294 رکنی اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے 148 نشستیں درکار ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کو واضح اکثریت حاصل ہو سکتی ہے۔
اسی طرح پانڈیچیری میں بی جے پی اتحاد 18 نشستیں جیت کر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گیا ہے، جہاں 33 رکنی اسمبلی میں اکثریت کے لیے 17 نشستیں کافی ہوتی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ نتائج بھارت کی سیاست میں اہم تبدیلیوں کی نشاندہی کر سکتے ہیں اور آنے والے دنوں میں حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ کا عمل تیز ہو جائے گا۔
بھارت کی 5 ریاستوں کے غیر سرکاری نتائج، بی جے پی کو برتری
