Baaghi TV


ایران میں تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد سیاہ بارش، پڑوسی ممالک میں ماحولیاتی خدشات

price


ایران میں تیل کی تنصیبات پر شدید بمباری کے بعد ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں تہران میں سیاہ بادل چھا گئے اور بعض علاقوں میں تیل سے آلودہ کالے پانی کی بارش کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران پر جاری حملوں کے دوران اسرائیل اور امریکا کی جانب سے تیل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد فضاء میں دھوئیں اور آلودگی کی بڑی مقدار شامل ہو گئی۔ اس صورتحال کے باعث تہران اور قریبی علاقوں میں غیر معمولی موسمی کیفیت دیکھنے میں آئی۔
‎اس واقعے کے بعد پڑوسی ممالک میں بھی ممکنہ موسمی اور ماحولیاتی اثرات کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں خاص طور پر اس حوالے سے تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ دونوں ممالک کی سرحدیں ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔
‎محکمہ موسمیات کے مطابق تیل کی تنصیبات پر حملوں سے ایران میں شدید ماحولیاتی نقصان ہوا ہے اور بعض علاقوں میں کالی تیزابی بارش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ تاہم اب تک پاکستان میں اس کے براہ راست اثرات دیکھنے میں نہیں آئے۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ تہران پاکستان سے کافی فاصلے پر واقع ہے اور کسی فوری ماحولیاتی اثر کا سب سے پہلے افغانستان پر پڑنے کا امکان زیادہ ہے۔
‎محکمہ موسمیات کے مطابق حملوں کے باعث فضاء میں کاربن کے اخراج میں اضافہ ہوا ہے جو اوپری ماحول کے درجہ حرارت اور نمی کے نظام کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں خطے میں بارش کے پیٹرن میں تبدیلی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ تیل کے بنیادی ڈھانچے پر بڑے پیمانے پر حملوں سے ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیاں پیدا ہو سکتی ہیں جو طویل مدت میں زراعت، آبی وسائل اور صحت عامہ کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اس صورتحال کی نگرانی کے لیے سیٹلائٹ مانیٹرنگ کے ذریعے آلودگی اور ہوا کے معیار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
‎محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔

More posts