Baaghi TV

پی آئی اے کی طبی سہولیات،اسٹیٹ لائف سے معاہدہ، پالپا کا عدالت جانے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے پائلٹس کی نمائندہ تنظیم پاکستان ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) نے جاری طبی سہولیات کے معاملات اور پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (PIAHCL) اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان ہونے والے معاہدے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پالپا کے جنرل سیکریٹری کیپٹن (ر) عارف مجید کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 9 فروری 2026 کو چیف ہیومن ریسورس آفیسر کی طرف سے جاری کیے گئے سرکلر نمبر 03/2026 کے بعد پائلٹس میں شدید تشویش اور ذہنی دباؤ پایا جا رہا ہے۔ تنظیم کے مطابق اس سرکلر کے اثرات پائلٹ برادری کے لیے نہایت سنجیدہ نوعیت کے ہیں، جس کے باعث قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پالپا 13 فروری 2026 کو متعلقہ عدالت میں مقدمہ دائر کرے گی تاکہ اراکین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ وہ اپنے ممبران کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کے حصول کے لیے تمام دستیاب قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔

دوسری جانب پی آئی اے کے اندرونی حلقوں میں یہ تاثر بھی گردش کر رہا ہے کہ مجوزہ انتظامی تبدیلیوں اور ہولڈنگ کمپنی کے قیام کے پس منظر میں اہم کاروباری گروپ سرگرم ہے، اور بعض غیر مقبول فیصلے موجودہ انتظامیہ سے کروائے جا رہے ہیں۔ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ یہ اقدامات مستقبل کی تنظیم نو اور ممکنہ نجکاری کے عمل کا حصہ ہیں۔

تاہم پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال قومی ایئرلائن کے مستقبل، ملازمین کے حقوق اور ادارہ جاتی ڈھانچے پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عارف حبیب کنسورشیم تمام غیر مقبول اور سخت فیصلے موجودہ پی آئی اے انتظامیہ سے کروانا چاہتا ہے، اور موجودہ انتظامیہ اپنی ملازمتوں کے تحفظ کی امید میں یہ اقدامات کر رہی ہے۔جب یہ تمام متنازع اور سخت اقدامات مکمل ہو جائیں گے تو عارف حبیب کنسورشیم موجودہ پی آئی اے انتظامیہ کو ایک طرف کر کے خود مرکزی حیثیت اختیار کر لے گا، گویا جشن اور دھوم دھام سے اقتدار سنبھالے گا۔

اب وقت آ گیا ہے کہ حقیقت کو تسلیم کیا جائے۔ ہولڈکو کے قیام کے خلاف پالپا کا مقدمہ کچھ ایسا ہی ہے جیسے 1857 کے بعد بہادر شاہ ظفر کے خاندان کا ایسٹ انڈیا کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کرنا۔

More posts