Baaghi TV

شادی میں ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن کی ضمانت منظور، شوہر تاحال مفرور

‎راولپنڈی کے علاقے گوہڑہ میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت نے ملزمہ کی ضمانت منظور کر لی۔
‎تفصیلات کے مطابق مجسٹریٹ آفتاب احمد نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض دلہن کی رہائی کا حکم جاری کیا۔
‎پولیس کے مطابق ملزمہ کو گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں ابتدائی طور پر اسے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ضمانت منظور کر لی گئی۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی ایک ماہ قبل شہریار علی سے شادی ہوئی تھی اور شادی کے بعد ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سامنے آنے پر پولیس نے کارروائی کی۔
‎پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران دلہن کا شوہر موقع سے فرار ہو گیا تھا اور اب اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
‎پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس 2015 کے تحت درج کیا ہے۔

More posts