برطانیہ اس وقت موسمِ سرما کی شدید ترین سرد لہر کی لپیٹ میں ہے، جہاں جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ شدید برفباری اور یخ بستہ ہواؤں کے باعث ملک بھر میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں، سینکڑوں اسکول دوسرے روز بھی بند رہے، جبکہ ٹرینوں، پروازوں اور سڑکوں پر سفر شدید تعطل کا شکار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات سے آج صبح تک برطانیہ کا کم ترین درجہ حرارت نورفوک کے علاقے مارہم میں منفی 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لندن، برمنگھم، بورن ماؤتھ اور ساؤتھمپٹن میں بھی پارہ منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جسے رواں موسمِ سرما کی سرد ترین رات قرار دیا جا رہا ہے۔شدید برفباری کے باعث سڑک، ریل اور فضائی سفر بری طرح متاثر ہوا۔ صبح کے اوقات میں دفتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، متعدد ریلوے لائنیں برف کے باعث بند ہو گئیں۔ریلوے آپریٹر LNER نے لندن کنگز کراس، لیڈز اور ایڈنبرا کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو ’’اگلے نوٹس تک سفر مؤخر کرنے‘‘ کی ہدایت جاری کی، جس کی وجہ پٹری میں خرابی بتائی گئی۔ اسی طرح ایڈنبرا اور ایبرڈین کے درمیان شدید برفباری کے باعث ’’سفر نہ کرنے‘‘ کی وارننگ بھی دی گئی۔گریٹ ناردرن کے مطابق نورفوک میں پوائنٹس منجمد ہونے کے باعث کنگز لن اور ایلی کے درمیان ٹرین سروس معطل رہی۔ مرسی ریل کی ورل لائن پر بھی ماگھل اور رائس لین، جبکہ لیورپول اور راک فیری کے درمیان سروسز منسوخ کر دی گئیں۔
مغربی لندن میں الزبتھ لائن، گریٹ ویسٹرن ریلوے اور ہیتھرو ایکسپریس کو اوورہیڈ برقی تاروں کو نقصان پہنچنے کے باعث شدید تعطل کا سامنا رہا۔ برسٹل پارک وے، کلیکٹن اور سیلبی کے علاقوں میں بھی پوائنٹس فیل ہونے سے سروس متاثر ہوئی۔ٹرانسپورٹ فار لندن کے مطابق ناردرن لائن کننگٹن اور بیٹرسی پاور اسٹیشن کے درمیان جزوی طور پر معطل رہی، جبکہ پکڈیلی لائن پر اوک وُڈ اور کاکفوسٹرز کے درمیان خراب ٹرین کے باعث کوئی سروس دستیاب نہ تھی۔میٹروپولیٹن لائن پر ویمبلے پارک سے ایلڈگیٹ تک تاخیر رہی، جبکہ سینٹرل، سرکل اور ڈسٹرکٹ لائنز پر بھی تکنیکی خرابیوں کے باعث خلل پیدا ہوا۔
اسکاٹ ریل نے انورنیس سے ایبرڈین، کائل آف لوکھالش، ایلگن اور وِک کے ساتھ ساتھ ایبرڈین سے مونٹروز تک مختلف روٹس پر برفباری کے باعث تعطل کی اطلاع دی۔ایبرڈین ایئرپورٹ سے پانچ پروازیں منسوخ ہوئیں جن میں ایمسٹرڈیم جانے والی چار KLM پروازیں اور گیٹ وِک جانے والی ایک ایزی جیٹ پرواز شامل ہے، جبکہ ایمسٹرڈیم سے آنے والی تین پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ انورنیس ایئرپورٹ پر بھی ایمسٹرڈیم سے آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ رہیں۔ایبرڈین شائر، شیٹ لینڈ اور اورکنی میں خراب موسم کے باعث اسکول دوسرے روز بھی بند رہے، جہاں طلبہ کو کرسمس تعطیلات کے بعد اضافی چھٹی ملی۔انگلینڈ کے مختلف علاقوں، جن میں چیشائر، لنکا شائر، نارتھمبرلینڈ، یارکشائر، لنکن شائر اور نورفوک شامل ہیں، میں بھی درجنوں اسکولوں کی بندش کے بعد آج اسکول کھلنے یا نہ کھلنے سے متعلق طلبہ اور والدین کو اپ ڈیٹ کا انتظار رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے جنوبی انگلینڈ کے کچھ حصوں میں مزید برف، تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے، جہاں بحرِ اوقیانوس سے آنے والا کم دباؤ کا نظام آرکٹک سرد ہوا سے ٹکرائے گا۔میٹ آفس کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو جنوبی علاقوں کے بلند مقامات پر بھی برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ شمالی اور وسطی انگلینڈ میں مزید برف یا تیز بارش اور ہواؤں کا امکان ہے۔ماہر موسمیات ایڈن میک گیورن کے مطابق 20 فیصد امکان ہے کہ یہ نظام شمالی راستہ اختیار کرے، جس سے انگلینڈ اور ویلز میں تیز ہوائیں اور شدید بارش ہو سکتی ہیں، جبکہ شمالی انگلینڈ، جنوبی اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں مزید برف پڑ سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 30 فیصد امکان یہ بھی ہے کہ یہ نظام شمالی فرانس سے گزرے، جس کے نتیجے میں جنوبی انگلینڈ کے بلند علاقوں میں شدید برفباری ہو سکتی ہے۔ تاہم سب سے زیادہ امکان یہی ہے کہ جنوبی برطانیہ میں تیز بارش اور ہوائیں چلیں گی، جبکہ وسطی انگلینڈ میں برف کے باعث خلل کا خطرہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے شمالی اسکاٹ لینڈ کے لیے دو ایمبر (Amber) برفباری وارننگز جاری کی ہیں، جو شام تک مؤثر رہیں گی۔ اس کے علاوہ جنوب مغربی انگلینڈ، شمالی انگلینڈ، مشرقی انگلینڈ اور ویلز میں ییلو (Yellow) برف اور برفانی سڑکوں کی وارننگ نافذ ہے، جبکہ شمالی آئرلینڈ میں ییلو آئس وارننگ جاری کی گئی ہے۔ایمبر وارننگ کے تحت شدید موسمی حالات کے باعث سفر میں رکاوٹ، بجلی کی بندش اور جان و مال کو خطرے کا خدشہ ہوتا ہے، جبکہ ییلو وارننگ کا مطلب ہے کہ کچھ حد تک خلل ممکن ہے، تاہم بیشتر افراد روزمرہ معمولات جاری رکھ سکتے ہیں۔ایمبر وارننگ والے علاقوں میں ایبرڈین، ایبرڈین شائر، مورے، ہائی لینڈ، اینگس اور پرتھ اینڈ کنروس شامل ہیں۔
برطانیہ کی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے انگلینڈ کے لیے جمعہ تک ایمبر کولڈ ہیلتھ الرٹس جاری کیے ہیں، خبردار کیا گیا ہے کہ شدید سردی صحت اور فلاح و بہبود کو متاثر کر سکتی ہے۔گزشتہ رات کمبریا کے علاقے شاپ میں درجہ حرارت منفی 10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بینف شائر کے ٹومِنٹول میں 52 سینٹی میٹر (ایک فٹ آٹھ انچ) تک برف پڑنے کی تصدیق کی گئی ہے۔کالمیک فیریز نے بھی اعلان کیا ہے کہ آج اسکاٹ لینڈ کے مغربی ساحل پر فیری سروسز متاثر رہیں گی۔دوسری جانب برطانوی حکومت نے بتایا ہے کہ شدید سردی کے باعث لاکھوں گھرانوں کو ہیٹنگ کے اخراجات میں مدد کے لیے 25 پاؤنڈ کولڈ ویدر ادائیگیاں فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ بڑھتے ہوئے سرد موسم کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
