انڈین پریمیئر لیگ 2026 کے دوران ممبئی میں ایک 76 سالہ برطانوی براڈکاسٹ انجینیئر کی پراسرار موت نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پولیس کے مطابق جان ولیم لینگفورڈ اپنے ہوٹل کے کمرے میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق لینگفورڈ بی سی سی آئی کے ساتھ بطور براڈکاسٹ انجینیئر کام کر رہے تھے اور آئی پی ایل میچز کی کوریج کے سلسلے میں ممبئی میں مقیم تھے۔ وہ 24 مارچ سے ٹرائیڈنٹ ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق وہ اتوار کے روز ممبئی انڈینز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ دیکھنے کے بعد اپنے کمرے میں واپس آئے، تاہم بعد ازاں جب ہوٹل انتظامیہ نے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو کوئی جواب نہ ملا۔
عملے نے دروازہ کھٹکھٹایا اور جواب نہ آنے پر ماسٹر کی کے ذریعے کمرہ کھولا، جہاں وہ فرش پر گرے ہوئے ملے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کوئی مشتبہ شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم غیر طبعی موت کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
آئی پی ایل میں کام کرنے والے برطانوی انجینیئر کی پراسرار موت
