کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی قیامت خیز آگ نے پورے شہر کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔ آگ کے نتیجے میں عمارت کا بڑا حصہ زمین بوس ہو چکا ہے، جبکہ 23 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھڑکتے شعلوں پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اب بھی کم از کم 55 افراد عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ آتشزدگی کے دوران لوگ جلتے رہے اور جان بچانے کے لیے چیختے رہے، مگر مدد بروقت نہ پہنچ سکی۔
اس ہولناک حادثے میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 30 سے زائد زخمی ہیں۔ لاپتہ افراد کی تعداد بڑھ کر 59 ہو گئی ہے۔ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی سلامتی کے لیے معجزے کے منتظر ہیں۔
1200 دکانوں پر مشتمل گل پلازہ کا گراؤنڈ اور میزنائن فلور مکمل طور پر جل چکا ہے، جبکہ بالائی دو منزلیں بھی راکھ بن گئیں۔ مخدوش عمارت کے کئی حصے منہدم ہو چکے ہیں اور کسی بھی وقت پوری عمارت گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس آگ نے سیکڑوں دکانداروں کی برسوں کی محنت اور کمائی کو خاکستر کر دیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بیسمنٹ اور عمارت کے اندرونی حصوں سے اب بھی آوازیں آ رہی ہیں، جس سے خدشہ ہے کہ مزید افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔
ریسکیو ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم صورتحال انتہائی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
گل پلازہ آتشزدگی، عمارت زمین بوس، درجنوں افراد تاحال لا پتا
