Baaghi TV


مٹیاری میں بچوں پر کتے چھوڑنے کا سفاک واقعہ


سندھ کے ضلع مٹیاری کے علاقے اڈیرو لال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک با اثر زمیندار نے مبینہ طور پر باغ سے آم توڑنے پر بچوں پر کتے چھوڑ دیے، جس کے نتیجے میں ایک بچی شدید زخمی ہو گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند بچے باغ میں داخل ہوئے اور آم توڑنے کی کوشش کی، جس پر زمیندار نے غصے میں آ کر ان پر خونخوار کتے چھوڑ دیے۔
‎کتوں کے حملے کے نتیجے میں بچی ام کلثوم قریشی شدید زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
‎بچی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کی رپورٹ متعلقہ تھانے میں درج کرا دی ہے، تاہم اب تک ملزم کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
‎متاثرہ خاندان نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
‎والدین کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کو شدید زخم آئے ہیں اور وہ انصاف کے لیے دربدر ہیں، مگر ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔
‎علاقہ مکینوں نے بھی اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری محفوظ رہ سکیں۔

More posts