چین نے ایران میں جاری فوجی کارروائی کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے سے روکنا ضروری ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بیجنگ کا واضح مؤقف ہے کہ ایران کے خلاف جاری ملٹری آپریشن فوری ختم کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ چین اس معاملے پر تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں انصاف کی حمایت، امن کے لیے کوششیں اور جنگ بندی کو یقینی بنانا شامل ہے۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ چین کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ یہ تنازع پڑوسی ممالک تک پھیل سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فریقین فوجی کارروائیاں روکیں اور کشیدگی کو مزید بڑھنے سے بچائیں، کیونکہ طاقت کا اندھا دھند استعمال قابل قبول نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ چین ایران کے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے جائز حق کو تسلیم کرتا ہے اور ایرانی جوہری معاملہ بالآخر سیاسی اور سفارتی حل کی طرف ہی واپس آئے گا۔
ایران کے خلاف فوجی کارروائی فوری روکی جائے، چین
