چین میں ایک کمپنی کے مالک نے اپنے ملازمین کے لیے ایسا انوکھا ایونٹ منعقد کیا کہ ہر کسی کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں۔ ہینان کی کوانگ شان کرین کو لمیٹڈ کمپنی کے مالک چوئی پی جون نے اپنے ملازمین میں 18 کروڑ یوآن (تقریباً 7 ارب پاکستانی روپے) نقد رقم تقسیم کی۔
کمپنی کے سالانہ ایونٹ کے موقع پر 6 کروڑ یوآن (تقریباً 2 ارب پاکستانی روپے) نقد بونس کے طور پر دیے گئے، جبکہ تقریب کے لیے تقریباً 7 ہزار ملازمین کے لیے 800 میزیں لگائی گئیں۔ ایونٹ میں ملازمین کو سٹیج پر بلا کر انعامات دیے گئے اور باقی افراد کو کہا گیا کہ میزوں پر موجود جتنی رقم وہ اٹھا سکتے ہیں، اٹھا کر اپنے گھر لے جائیں۔
تقریب کے دوران کمپنی کے مالک نے فنانس ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ “ہم واشنگ مشینیں کیوں دیں؟ کیا آپ کو معلوم نہیں سونا کتنا مہنگا ہوگیا ہے؟” اور اضافی 20 ہزار یوآن بھی ہر ملازم کو نقد فراہم کیے گئے۔
یہ کمپنی ستمبر 2002 میں قائم ہوئی تھی اور کرینیں بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر مصنوعات بھی تیار کرتی ہے اور 130 سے زائد ممالک میں اس کا کاروبار موجود ہے۔ چوئی پی جون نے اس سے قبل 2024 میں بھی 17 کروڑ یوآن اپنے ملازمین میں بونس کے طور پر تقسیم کیے تھے۔
یہ تقریب نہ صرف ملازمین کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنی بلکہ کاروباری دنیا میں نقد انعامات دینے کے منفرد طریقے کے طور پر بھی خبروں میں رہی۔
چینی کمپنی کے مالک نے ملازمین کو حیران کر دیا
