Baaghi TV


کلفٹن سپر اسٹور میں آگ بے قابو، 9 گھنٹے بعد بھی جاری


کراچی کے علاقے کلفٹن میں زمزمہ پارک کے قریب واقع ایک سپر اسٹور میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا، جس سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمارت کے بیسمنٹ میں لگی جہاں اسٹور کا گودام موجود ہے، جس میں موجود سامان کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کو عمارت کے دیگر حصوں میں پھیلنے سے روک لیا گیا ہے، تاہم بیسمنٹ میں آگ بدستور جل رہی ہے۔
‎ریسکیو آپریشن میں فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں اور عملہ مسلسل آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ دھوئیں کی شدت کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
‎ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی، تاہم حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اطراف کے علاقے کو محفوظ بنانے کے اقدامات کیے ہیں۔
‎ماہرین کے مطابق بیسمنٹ میں لگنے والی آگ اکثر زیادہ خطرناک ہوتی ہے کیونکہ وہاں ہوا کی کمی اور آتش گیر مواد کی موجودگی آگ کو مزید شدت دے سکتی ہے، جس کے باعث آگ بجھانے کا عمل طویل ہو جاتا ہے۔

More posts