وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ پرواز کارڈ کے ذریعے صوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو تین لاکھ روپے بلا سود فراہم کیے جائیں گے۔
پرواز کارڈ، راہ روزگار اور اسکل ڈیولپمنٹ پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو ریلیف اور سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام میں رقوم کی فراہمی میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور 50 ہزار ہنرمند نوجوان اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔
مریم نواز نے بتایا کہ صوبے کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹر اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 2 لاکھ بچوں کو تربیت دی گئی، جبکہ ایک ہزار بچوں کو گارمنٹس کے شعبے میں روزگار فراہم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نہ صرف ہنر سکھایا جا رہا ہے بلکہ باعزت روزگار بھی فراہم کیا جا رہا ہے، اور ای کامرس کے ذریعے بھی نوجوان اپنی صلاحیتوں سے کما رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام وسائل عوام کی خدمت کے لیے خرچ کیے جا رہے ہیں، اور موبائل پولیس اسٹیشن گھروں کی دہلیز پر عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ ہنر مند افرادی قوت کی دنیا بھر میں طلب ہے، اور پاکستانی نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
مریم نواز کا پرواز کارڈ پروگرام، ہنرمند نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری
