شہید مدینہ ، خلیفہ دوئم ، امیرالمئومنین عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کی مثالی زندگی کا جامع تذکرہ
تبصرہ نگار عبدالغفار مجاہد
زیر تبصرہ کتاب ’’ سیرتِ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ ‘‘ اپنے اندر صرف ایک شخصیت کا تعارف نہیں بلکہ عدل، دیانت، حکمت، جرأت، قیادت اور اسلامی ریاست کے سنہری اصولوں کی پوری تاریخ سموئے ہوئے ہے۔ عنوان پڑھتے ہی قاری کے ذہن میں سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کی وہ درخشاں اور عظیم شخصیت ابھر کر سامنے آتی ہے جس نے تاریخِ انسانیت پر انمٹ نقوش ثبت کیے اور جن کے دورِ خلافت کو اسلامی ریاست کا مثالی عہد قرار دیا جاتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم العمری کی تصنیف "سیرتِ عمر بن خطاب” ایسی علمی، تحقیقی اور دل نشین کتاب ہے جو خلیفۂ ثانی، امیرالمؤمنین سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کی حیاتِ مبارکہ کو نہایت منظم، مدلل اور مستند انداز میں پیش کرتی ہے۔ کتاب کا مطالعہ یہ احساس دلاتا ہے کہ مئولف نے محض تاریخی واقعات جمع کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ ہر واقعے کے پس منظر، اس کے نتائج اور امتِ مسلمہ کے لیے اس کے عملی اسباق کو بھی نمایاں کیا ہے۔ یہی خوبی اس تصنیف کو عام سوانحی کتابوں سے ممتاز کرتی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم العمری اسلامی تاریخ کے ممتاز محقق، سیرت نگار اور علمی شخصیت ہیں۔وہ 1958میں سعودی عرب کے شہر بریدہ میں پیدا ہوئے تاہم ان کا اصل تعارف یہ ہے کہ وہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی اولاد میں سے ہیں وہ بے شمار کتب کے مصنف ہیں۔ ان کی تحریروں میں علمی دیانت، مصادر کی تحقیق، واقعات کا تجزیہ اور رواں اسلوب نمایاں نظر آتا ہے۔ یہی اوصاف اس کتاب میں بھی جابجا دکھائی دیتے ہیں، جہاں ہر باب قاری کے علم میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی فکری تربیت بھی کرتا ہے۔
کتاب کا آغاز سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے خاندانی پس منظر، نسب، قبولِ اسلام اور رسول اکرم ﷺ سے تعلق کے بیان سے ہوتا ہے۔ اس کے بعد مئولف نے آپ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو نہایت سلیقے سے ترتیب دیا ہے۔ کتاب میں ہجرت، غزوات، خلافت کا آغاز، فتوحات، نظامِ حکومت، عدالتی اصلاحات، بیت المال، انتظامی تقسیم، تعلیم، دعوت، عسکری حکمتِ عملی، عوامی خدمت، زہد و تقویٰ، اولاد سے حسنِ سلوک، رعایا کے حقوق، گورنروں کا احتساب، عدل و انصاف، شہادت اور بعد از وفات کے حالات جیسے اہم موضوعات کو الگ الگ ابواب میں بیان کیا گیا ہے۔ یہ ترتیب قاری کے لیے مطالعے کو آسان، مربوط اور دلچسپ بنا دیتی ہے۔
مئولف کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ انہوں نے سیدنا عمر فارق رضی اللہ عنہ کی شخصیت کو محض ایک فاتح یا حکمران کے طور پر ہی نہیں بلکہ ایک کامل مسلمان، بہترین منتظم، عادل قاضی، بے مثال قائد، شفیق باپ، مخلص داعی اور متقی انسان کے طور پر پیش کیا ہے۔ اسی لیے کتاب پڑھتے ہوئے قاری صرف تاریخی معلومات حاصل نہیں کرتا بلکہ کردار سازی اور عملی زندگی کے لیے قیمتی رہنمائی بھی پاتا ہے۔
اس کتاب کی زبان نہایت شستہ، رواں، سادہ اور علمی ہے۔ عبارت میں غیر ضروری طوالت نہیں، بلکہ ہر مقام پر اختصار اور جامعیت کا حسین امتزاج دکھائی دیتا ہے۔ جہاں ضرورت محسوس ہوئی وہاں قرآنی آیات، احادیثِ نبویہ اور معتبر تاریخی روایات سے استدلال کیا گیا ہے، جس سے کتاب کی علمی وقعت مزید مستحکم ہو گئی ہے۔ عربی میں لکھی گئی اس کتاب کا اردو ترجمہ دارالسلام کے سینئر ریسرچ سکالر مولانا عثمان منیب اور حافظ صداقت اکرام نے کیا ہے ۔ مترجمین نے اصل کتاب کے علمی وقار کو برقرار رکھتے ہوئے سلیس اور عام فہم اردو اختیار کی ہے، جس کی بدولت اردو داں طبقہ اس سے بھرپور استفادہ کر سکتا ہے۔
کتاب کی ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے دورِ حکومت کے انتظامی اور سیاسی نظام کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ موجودہ دور کے حکمرانوں، منتظمین، اساتذہ، طلبہ، خطباء اور محققین کے لیے اس میں بے شمار عملی رہنمائی موجود ہے۔ انصاف، احتساب، عوامی خدمت، مشاورت، قانون کی بالادستی اور بیت المال کے تحفظ جیسے موضوعات آج بھی اسی قدر اہم ہیں جتنے چودہ سو برس پہلے تھے۔عمدہ طباعت، خوبصورت جلد، معیاری کاغذ، مستند متن اور علمی اعتبار سے قابلِ اعتماد کتب کی اشاعت دارالسلام کی نمایاں پہچان ہے۔ یہی معیار اس کتاب میں بھی پوری آب و تاب کے ساتھ نظر آتا ہے۔
مختصراً یہ کتاب حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کی حیاتِ مبارکہ کا ایک جامع، مستند، مدلل اور مؤثر مرقع ہے۔ مئولف نے تحقیق اور حسنِ ترتیب کے ساتھ ایک ایسی تصنیف پیش کی ہے جو صرف سیرت کی کتاب ہی نہیں بلکہ قیادت، عدل، حکمرانی، کردار سازی اور اسلامی تہذیب کا عملی نصاب ہے۔ سیرتِ صحابہ، تاریخِ اسلام اور خلافتِ راشدہ کا سنجیدہ مطالعہ کرنے والے ہر طالب علم، محقق، عالم، خطیب اور عام قاری کے لیے یہ کتاب قیمتی علمی سرمایہ اور بار بار پڑھے جانے کے لائق شاہکار ہے۔ 416صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت 1800روپے ہے ۔ یہ کتاب دارالسلام کے مرکزی شوروم لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور سے دستیاب ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کے لیے درج ذیل نمبر 042-37324034پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔
