Baaghi TV


سعودی شہر العلا میں ’ارضنا‘ کے عنوان سے جدید آرٹ نمائش کا آغاز


سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں ’ارضنا‘ کے عنوان سے جدید آرٹ کی نمائش یکم فروری سے شروع ہو گئی ہے، جو 15 اپریل تک جاری رہے گی۔ یہ نمائش العلا کے پانچویں آرٹس فیسٹیول کا حصہ ہے۔
نمائش سعودی عرب کی شاہی کمیشن برائے العلا اور فرانس کے معروف پومپیدو سینٹر کے درمیان شراکت داری کا نتیجہ ہے۔ ’ارضنا‘ (ہماری زمین) کے عنوان کے تحت انسان، فطرت اور زمین کے باہمی تعلق کو موضوع بنایا گیا ہے، جبکہ اسے العلا میں مستقل جدید آرٹ میوزیم کے قیام کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
‎منتظمین کے مطابق یہ نمائش محض عارضی نہیں بلکہ مقامی آبادی اور عالمی برادری کو مستقبل کے میوزیم وژن سے روشناس کرانے کی کوشش ہے۔ نمائش میں مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور دنیا کے دیگر خطوں کے درمیان ثقافتی روابط کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
‎نمائش میں سعودی عرب، علاقائی ممالک اور عالمی فن کاروں کے 80 سے زائد فن پارے پیش کیے گئے ہیں، جو زمین، صحرا، ماحول اور انسانی تاریخ کے باہمی رشتے کو مختلف زاویوں سے بیان کرتے ہیں۔ ان میں پابلو پکاسو، ڈیوڈ ہاکنی، لوران گراسو اور طارق عطوی کے فن پارے شامل ہیں، جبکہ فرانس کے پومپیدو سینٹر سے مستعار فن پارے بھی نمائش کا حصہ ہیں۔
‎یہ فیسٹیول سعودی عرب کے ثقافتی منظرنامے میں ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے، جو دنیا بھر سے آرٹ کے شائقین کو العلا کے قدیم صحرا اور اس کی ثقافتی اہمیت کی جانب متوجہ کر رہا ہے۔

More posts