اے ایس پی سید دانیال حسن کا سخت انتباہ غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں اور لاپرواہ مالکان کی اب خیر نہیں
گوجرخان، مندرہ اور جاتلی میں پولیس ٹیمیں متحرک کرایہ داری اندراج نہ کرانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ
گوجرخان(قمرشہزاد) سرکل گوجرخان میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی اقدامات کو مزید موثر بنانے کے لیے اے ایس پی سید دانیال حسن کی خصوصی ہدایات پر کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گوجرخان، مندرہ اور جاتلی سمیت مختلف علاقوں میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر کرایہ داروں کے کوائف کی پڑتال کریں گی۔ پولیس حکام کے مطابق، ایسے مالکانِ مکان جو اپنے کرایہ داروں کی رجسٹریشن کرانے میں ناکام رہے ہیں اور وہ کرایہ دار جو بغیر قانونی اندراج کے رہائش پذیر ہیں، ان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اے ایس پی سید دانیال حسن نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی رعایت یا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور باقاعدہ کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی قانونی پریشانی یا گرفتاری سے بچنے کے لیے کرایہ داری ایکٹ پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں۔ پولیس نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ایک محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں اور فوری طور پر اپنے کرایہ داروں کا اندراج متعلقہ تھانے میں کروائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ مالک مکان اور کرایہ دار پر ہوگی۔
کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی، مالکان اور کرایہ داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز
