Baaghi TV


بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی

‎بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، اور لندن برینٹ خام تیل 70 ڈالر 35 سینٹ فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔
‎تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے سبب بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً ساڑھے چار فیصد اضافہ ہوا۔ خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق لندن برینٹ خام تیل دو ڈالر 86 سینٹ اضافے کے بعد 70 ڈالر 35 سینٹ فی بیرل پر پہنچ گیا۔
‎اسی دوران ویسٹ ٹیکساس خام تیل چار ڈالر 59 سینٹ مہنگا ہوا اور اس کی قیمت 65 ڈالر 19 سینٹ ہوگئی۔ دونوں گریڈز کی قیمتیں اس سال تقریباً 15 فیصد بڑھ چکی ہیں، جو پچھلے تین سال کے مسلسل کمی کے بعد جیوپولیٹیکل خطرات کی واپسی کو ظاہر کرتی ہیں، حالانکہ عالمی سطح پر تیل کی فراہمی میں اضافہ ہوا ہے۔
‎ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کرنے کی وجہ سے تیل کی ترسیل رک گئی تھی، جبکہ اسرائیل نے امریکا کے ایران پر ممکنہ حملے کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
‎گولڈمین سیکس کے تجزیہ کاروں کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ اس وجہ سے ہوا کہ عالمی سطح پر اضافی تیل زیادہ تر “سینکشن شدہ خام” کی صورت میں سمندر میں موجود ہے، جبکہ اہم تجارتی مراکز میں ذخائر مستحکم ہیں۔

More posts