وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ دستور 10 اپریل 2026 کے موقع پر پیغام میںکہا ہے کہ آج ہم، آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبہ سے منا رہے ہیں۔ ہم دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین عوام اور ریاست کے مابین مقدس معاہدے کا نام ہے جو دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔ 10 اپریل 1973 کو منظور کیے گئے متفقہ آئین پاکستان نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام حکومت اور ریاست پاکستان کے مضبوط ادراجاتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔ 1973 کا آئین پاکستان، تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے۔ یہ آئینی دستاویز تفصیل سے بنیادی انسانی حقوق کو بیان کرتی ہے بلکہ انکی فراہمی کے لئے قانونی لائحہ عمل کو بھی یقینی بناتی ہے۔ 1973 کا آئین، وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے۔ وفاق پاکستان کی تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں اور تابندہ مستقبل کے لئے کام کرنے کے لیۓ پر عزم ہیں۔ یہی قابل رشک اتفاق اللہ بزرگ و برتر کا ملک خداداد پر اپنے فضل و کرم کا عکاس ہے۔اللہ تعالی نے پاکستان کو جس عزت واکرام سے نوازا ہے اس کے لئے ہمارے سر اسکے آگے سر بسجود ہیں. پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئے ہوئے، اپنی ترقی و خوشحالی کا سفر انشاءاللہ جاری رکھے گا۔پاکستان زندہ باد!
