کوٹلی، آزاد کشمیر کے علاقے چڑہویٰ میں ایک اور تیندوا مردہ حالت میں برآمد ہوا ہے، جس سے رواں ماہ آزاد کشمیر میں تیندوؤں کی ہلاکتوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔
آزاد کشمیر میں تیندوؤں کی مسلسل ہلاکتوں سے ان کی نسل کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے تیندوؤں میں دو کی موت گولی لگنے سے، ایک ہارٹ اٹیک سے اور ایک کی میڈیکل رپورٹ ابھی آنا باقی ہے۔
چڑہویٰ میں شہری کی اطلاع پر محکمہ وائلڈ لائف نے تیندوے کی لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ماہرین کے مطابق جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور خوراک کی کمی جنگلی حیات کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
شہری اور ماحولیاتی حلقے حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ ماحولیاتی توازن برقرار رہے اور نایاب انواع محفوظ رہیں۔
آزاد کشمیر: چڑہویٰ میں ایک اور تیندوے کی لاش برآمد
