شمالی لبنان کے شہر طرابلس میں گزشتہ روز ایک پرانی رہائشی عمارت کے اچانک گرنے کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق یہ چند ہفتوں میں اس نوعیت کا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔
حادثہ شہر کے غریب علاقے ‘باب التبانہ’ میں پیش آیا، جہاں بوسیدہ عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ اب تک 14 لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں، جبکہ زخمیوں کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق حادثے کے وقت عمارت میں تقریباً 22 افراد موجود تھے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
طرابلس کے میئر نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر شہر کو ”آفت زدہ“ قرار دیا اور کہا کہ برسوں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ہزاروں شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ امدادی ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے رات گئے تک ملبہ ہٹانے اور مزید نقصان سے بچاؤ کے کام میں مصروف رہیں۔
لبنان: طرابلس میں قدیم عمارت کے گرنے سے چودہ افراد ہلاک
