لاہور کی نجی یونیورسٹی میں خودکشی کی کوشش کرنیوالی طالبہ کی ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہور کی نجی یونیورسٹی میں عمارت سے چھلانگ لگانے والی طالبہ جنرل اسپتال میں زیرعلاج ہے۔میڈیکل بورڈ نے 2 روز بعد طالبہ کی ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ نیورو سرجن کے معائنے کے بعد سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔بورڈ کا کہنا ہے کہ طالبہ کی دماغی حالت ٹھیک اور بات سمجھ رہی ہے، مریضہ اپنے اہلخانہ سے بھی بات کررہی ہے، طالبہ آئی سی یو میں اور ادویات دی جارہی ہیں۔میڈیکل بورڈ نے مزید بتایا کہ طالبہ کے ساتھ ماہر نفسیات ہر وقت کام کررہا ہے، طالبہ کو گھبراہٹ اور اداسی کے علاج کیلئے ادویات دی گئی ہیں، مریضہ کی ذہنی کونسلنگ کے ساتھ فزیوتھراپی جاری ہے۔
لاہور کی نجی یونیورسٹی میں طالبہ کا اقدام خودکشی، پولیس نے شامل تفتیش کیے گئے نوجوان کو کلیئر قرار دے دیا۔پولیس کا کہنا ہے واقعہ مکمل ذاتی نوعیت کا ہے، کسی دوسرے شخص کا ملوث ہونا ثابت نہیں ہوا۔پولیس نے مزید کہا کہ نوجوان کی واقعے میں کوئی ذمہ داری یا غفلت ثابت نہیں ہوئی، طالبہ کے اقدام خودکشی پر کسی کیخلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ وجوہات کا تعین کرنے کیلئے کال ریکارڈ اور دیگر شواہد اکٹھے کیے، متاثرہ لڑکی کی حالت بہتر ہونے پر تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جائے گا، نوجوان اویس کی خودکشی اور طالبہ کا اقدام خودکشی مختلف واقعات ہیں۔
