Baaghi TV

ڈیرہ اسماعیل خان ، دہشتگردوں کے مبینہ سہولت کار گرفتار، اسلحہ اور بارود برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پہاڑپور کے مختلف پہاڑی علاقوں میں ایک بڑی کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے 21 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر خطرناک مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق، پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ ٹیموں نے سیدو والی، برز والی، علی ونڈا، چندہ، کالی ونڈا، گڑھ پیر امام شاہ، گلوٹی اور پانیالہ کے پہاڑی علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن انجام دیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران علاقے کو گھیرے میں لے کر تفصیلی سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں 21 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں دہشت گردوں کے مبینہ سہولت کار بھی شامل ہیں۔ گرفتار افراد کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ اور بارود مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں تاکہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو مزید نقصان پہنچایا جا سکے۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے اور علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

More posts