Baaghi TV

ڈیرہ غازی خان: کمشنر اشفاق احمد چوہدری کے امتحانی مراکز پر اچانک چھاپے، شفافیت پر زیرو ٹالرنس کا اعلان

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوز، رپورٹر شاہد خان): کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن و چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اشفاق احمد چوہدری نے میٹرک کے جاری سالانہ امتحانات کے سلسلے میں مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔
انہوں نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ماڈل ٹاؤن میں قائم گرلز امتحانی سنٹر کا معائنہ کیا، جہاں امتحانی عمل، سکیورٹی انتظامات اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر نے طالبات سے بھی گفتگو کی اور ان سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
بعد ازاں کمشنر نے گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول میں قائم بوائز امتحانی مرکز کا دورہ کیا، جہاں پرنسپل محمد حفیظ مستوئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے نقل کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو سخت ہدایات جاری کیں۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے واضح کیا کہ امتحانات کے دوران نظم و ضبط اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ طلبہ و طالبات کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاف و شفاف امتحانی نظام ہی طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اس لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے ادا کریں۔

More posts