سیالکوٹ میں ایک شادی کی تقریب اس وقت موضوعِ بحث بن گئی جب آسٹریلیا سے آئے بھائیوں نے اپنے بھائی کی شادی کو یادگار بنانے کے لیے ڈالرز اور پاکستانی کرنسی کی برسات کر دی۔ اس انوکھی بارات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے مراکیوال کے رہائشی دلہا قمر عباس کی بارات جب میرج ہال پہنچی تو وہاں ایک غیر معمولی منظر دیکھنے میں آیا۔ دلہا کے آسٹریلیا سے آئے بھائیوں نے بارات کے استقبال کے دوران آسٹریلین ڈالرز اور پاکستانی نوٹوں کے تھیلے کھول دیے اور حاضرین پر نچھاور کرنا شروع کر دیے۔
عینی شاہدین کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے تک نوٹوں کی بارش جاری رہی، جس کے باعث میرج ہال کے اندر اور باہر ہر طرف کرنسی ہی کرنسی نظر آنے لگی۔ جیسے ہی یہ سلسلہ شروع ہوا، قریبی علاقوں سے لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور نوٹ سمیٹنے کا منظر دیکھنے کو ملا، جس سے ہال کے باہر میلے جیسا ماحول بن گیا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات اب ایک نیا رجحان بنتے جا رہے ہیں جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانی شادیوں میں غیر ملکی کرنسی نچھاور کر کے تقریبات کو منفرد بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اس واقعے پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں، کچھ اسے خوشی کا اظہار قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ اسے فضول خرچی بھی کہہ رہے ہیں۔
سیالکوٹ میں شادی پر ڈالرز کی برسات، انوکھی بارات وائرل
