پورٹ آف اسپین: کیریبین ملک ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک قبرستان سے 56 لاشیں برآمد کی ہیں، جن میں اکثریت بچوں کی بتائی جا رہی ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی لاشوں میں 50 بچے جبکہ 6 بالغ افراد شامل ہیں، جن میں 4 مرد اور 2 خواتین ہیں۔ یہ لاشیں دارالحکومت پورٹ آف اسپین سے تقریباً 40 کلومیٹر دور واقع علاقے کوموٹو کے ایک قبرستان سے ملی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر لاشوں کو غیر قانونی طریقے سے ٹھکانے لگانے کا معاملہ ہو سکتا ہے۔ بعض لاشوں، خاص طور پر بالغ افراد، پر ایسے نشانات بھی پائے گئے ہیں جو پوسٹمارٹم کے بعد چھوڑے جاتے ہیں، جبکہ ان کے ساتھ شناختی ٹیگز بھی موجود تھے جو عموماً مردہ گھروں میں استعمال ہوتے ہیں۔
واقعے کے بعد قبرستان کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے تاکہ شواہد کو محفوظ رکھا جا سکے۔ پولیس نے کہا ہے کہ تمام لاشوں کا مکمل فرانزک معائنہ کیا جائے گا تاکہ ان کی شناخت، موت کی وجوہات اور اس واقعے کے پس منظر کو واضح کیا جا سکے۔
پولیس کمشنر ایلسٹر گیوارو نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک اور چونکا دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے جذباتی اثرات نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے ملک پر پڑیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تحقیقات مکمل شفافیت کے ساتھ کی جائیں گی اور کسی بھی ذمہ دار فرد یا ادارے کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
یاد رہے کہ ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو کو حالیہ برسوں میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کا سامنا رہا ہے، اور حکومت نے اس سے قبل بھی امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے تھے۔
ٹرینیڈاڈ میں قبرستان سے درجنوں لاشیں برآمد، زیادہ تر بچے
