عراق نے خبردار کیا ہے کہ بغداد ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے ڈرون حملے اس جیل کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں جہاں شام سے منتقل کیے گئے داعش کے ہزاروں جنگجو قید ہیں۔
عراقی حکام کے مطابق فروری میں امریکا نے شام سے تقریباً 5700 داعش قیدیوں کو عراق منتقل کیا تھا۔ یہ قیدی اس وقت بغداد کے الکرخ سنٹرل جیل میں رکھے گئے ہیں جو ماضی میں امریکی فوج کے حراستی مرکز کیمپ کراپر کے نام سے جانا جاتا تھا اور بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کمپلیکس کا حصہ ہے۔
عراقی وزارت انصاف کے ترجمان احمد لعیبی نے بیان میں کہا کہ بغداد ایئرپورٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں جس سے سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعض ڈرون حملے جیل کے انتہائی قریب ہوئے جس کے باعث اس مقام کی حفاظت کے حوالے سے تشویش پیدا ہو گئی ہے جہاں انتہائی خطرناک دہشت گرد قید ہیں۔
ترجمان کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے حملے شدت کے اعتبار سے زیادہ سنگین تھے اور ان میں سے بعض حملے جیل کے بہت قریب گرے۔
بغداد ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے داعش قیدیوں والی جیل کے لیے خطرہ قرار
