لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کچھ عناصر کو بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح ہضم نہیں ہو رہی اور اسی وجہ سے ملک کے خلاف منفی اور جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جھوٹ اور پروپیگنڈے کی بنیاد پر کھڑا کیا گیا بیانیہ زیادہ دیر تک نہیں چلتا اور بالآخر حقائق ہی سامنے آتے ہیں۔
حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن ریاست ہے، جس نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور بقائے باہمی کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور نظریاتی کامیابیوں سے خائف ہیں اور اسی لیے سوشل میڈیا اور بین الاقوامی فورمز پر منفی مہمات چلائی جا رہی ہیں، تاہم پاکستان کا مؤقف مضبوط اور حقیقت پر مبنی ہے۔
انہوں نے ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور آئین پاکستان ہر شہری کو اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کی ضمانت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتیں پاکستان کی ترقی میں برابر کی شریک ہیں اور ریاست ان کے جان و مال اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے ملکی معیشت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہو چکی ہے اور درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت، ادارے اور عوام مل کر ملک کو معاشی استحکام کی جانب لے جا رہے ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں، قومی اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیں اور ملک کے خلاف سازشوں کا شعور اور ذمہ داری کے ساتھ جواب دیں۔
