مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کو روکنے میں ان کا کردار انتہائی اہم ہو سکتا ہے۔
قاہرہ میں ایک بین الاقوامی انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر سیسی نے براہ راست امریکی صدر کو مخاطب کیا اور کہا کہ پورے خطے کی جانب سے درخواست ہے کہ وہ اس تباہ کن جنگ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں ایسی صلاحیت صرف امریکا کے پاس ہے جو اس تنازع کو ختم کرنے میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔
مصری صدر نے خبردار کیا کہ اگر جنگ فوری طور پر نہ روکی گئی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں شدید معاشی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے بلکہ عالمی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتی ہے، جس کے اثرات دیرپا ہوں گے۔
صدر السیسی نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی قیادت خاموشی کے بجائے عملی اقدامات کرے تاکہ ایک بڑے انسانی اور معاشی بحران سے بچا جا سکے۔
مصری صدر کی ٹرمپ سے جنگ روکنے کی اپیل
