پاکستان نے 16 فروری کوباجوڑ میں دہشت گرد حملے میں 11 فوجیوں کی شہادت پرافغان طالبان حکومت سے سخت احتجاج کیا ہے،افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا ۔
دفتر خارجہ نے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔دفتر خارجہ نے فتنہ الخوارج ، ٹی ٹی پی کی قیادت افغانستان میں موجود ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد افغان سرزمین سے بلا روک ٹوک حملے کر رہے ہیں،پاکستان نے افغان طالبان حکومت سے دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری، سخت اور قابلِ تصدیق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ افغان طالبان حکومت پر واضح کیا گیا ہےکہ پاکستان دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ پاکستان اپنے فوجیوں اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گا،دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں، ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، فتنہ الخوارج کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
