Baaghi TV

‎ایلون مسک کا بڑا قدم، پاکستانی نژاد شریک بانی والی کمپنی خریدنے کا منصوبہ


‎دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ایلون مسک نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اے آئی کوڈ جنریشن اسٹارٹ اپ “کرسر” کو خریدنے کا عندیہ دیا ہے۔ اس مجوزہ معاہدے کی مالیت تقریباً 60 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے، جو ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
‎اس خبر کی خاص بات یہ ہے کہ اس کمپنی کے شریک بانیوں میں ایک پاکستانی نژاد نوجوان صالح آصف بھی شامل ہیں، جس پر پاکستانی ٹیک کمیونٹی میں خوشی اور فخر کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کرسر ان چند نمایاں امریکی کمپنیوں میں شامل ہے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے کوڈنگ کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے پر کام کر رہی ہیں۔
‎رپورٹس کے مطابق اسپیس ایکس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرسر نے کمپنی کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ رواں سال کسی بھی وقت اسے 60 ارب ڈالر میں خرید سکتی ہے۔ اگر کسی وجہ سے یہ خریداری مکمل نہ ہو سکی تو اسپیس ایکس کرسر کے ساتھ شراکت داری کے لیے 10 ارب ڈالر ادا کرے گی۔
‎کمپنی کے مطابق اس اشتراک کا مقصد کرسر کی جدید سافٹ ویئر انجنیئرنگ صلاحیتوں کو اسپیس ایکس کے طاقتور سپر کمپیوٹرز کے ساتھ ملا کر ایسے جدید اے آئی ماڈلز تیار کرنا ہے جو دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں انقلاب لا سکتے ہیں۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ معاہدہ مصنوعی ذہانت کے میدان میں مسابقت کو مزید تیز کرے گا، جہاں پہلے ہی اوپن اے آئی اور اینتھروپک جیسی کمپنیاں سرگرم ہیں۔ کرسر کی شمولیت اس دوڑ میں ایک نئی جہت پیدا کر سکتی ہے۔

More posts