اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان):اوچ شریف جو کہ جنوبی پنجاب کا تاریخی اور ثقافتی شہر ہے، اب ماحولیاتی آلودگی کی شدید زد میں ہے۔ یہاں قائم پرانے طرز کے بھٹہ جات سے نکلنے والا زہریلا دھواں، راکھ اور مضر گیسیں فضا کو شدید آلودہ کر رہی ہیں، جبکہ پلاسٹک (پوتھین) بیگز کا بے دریغ استعمال شہری ماحول کو مزید خطرناک بنا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو شہر مستقبل میں سموگ، فضائی بیماریوں، صحت کے بحران اور قدرتی وسائل کی تباہی کا شکار ہو سکتا ہے۔
اوچ شریف اور گرد و نواح میں موجود متعدد بھٹہ جات اب تک جدید زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہیں ہوئے۔ پرانے بھٹہ جات سے خارج ہونے والی گیسیں سانس کی بیماریاں، آنکھوں کی جلن، جلد کی الرجی اور دل کی بیماریوں میں اضافہ کر رہی ہیں، جبکہ بچے، خواتین اور بزرگ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں کے مطابق صبح و شام دھوئیں کی موٹی تہہ شہر کو ڈھانپ لیتی ہے اور مقامی کسانوں نے دعویٰ کیا کہ آلودگی کی وجہ سے فصلیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
پلاسٹک بیگز کا بے دریغ استعمال بھی نکاسی آب کے نظام کو متاثر کر رہا ہے اور شہر میں گندگی اور بیماریوں کے خطرات بڑھا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے متعدد اجلاس منعقد کر کے بھٹہ جات اور پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائی کی ہدایات دی ہیں، لیکن شہریوں کا کہنا ہے کہ عملی نفاذ کمزور ہے۔
ماحولیاتی ماہرین اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قوانین پر فوری اور شفاف عملدرآمد کیا جائے تاکہ اوچ شریف کو ایک صاف، سبز اور صحت مند شہر بنایا جا سکے۔
