Baaghi TV

اوکاڑہ میں ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام، پبلک پارکس کی خوبصورتی کے سفر کا نیا آغاز

اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر) ضلع اوکاڑہ کے پبلک پارکس اور شہری خوبصورتی کے فروغ کا سفر ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں ہارٹیکلچر ایجنسی اوکاڑہ کے افتتاح کی پروقار تقریب ڈی سی آفس کے لان میں منعقد کی گئی۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید اور رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے باقاعدہ طور پر ہارٹیکلچر ایجنسی کا افتتاح کیا۔

تقریب میں ضلعی انتظامیہ، مختلف محکموں کے افسران، میڈیا نمائندگان اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ایم پی اے میاں محمد منیر نے ڈی سی آفس کے لان میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا۔ اس موقع پر ضلع اوکاڑہ میں ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ عوام سے دو سال قبل کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اور عوام مل کر پارکس کی خوبصورتی کو مزید بہتر بنائیں گے، جبکہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید طرز کے نئے پارکس بھی قائم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے لائنز سے ملحقہ فلتھ ڈپو کو خوبصورت پھولوں اور پودوں سے مزین کیا جائے گا اور اوکاڑہ کے شہریوں کو تفریح کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے اس موقع پر کہا کہ اوکاڑہ کے عوام کے لیے آج کا دن نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام ترقی کے سفر کی ایک اہم کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی کے لیے ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی سے پارکس کا عملہ شامل کیا گیا ہے، جو پارکس، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور دیگر اہم امور انجام دے گا۔ ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام سے شہروں کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ موجودہ پارکس کی بہتری کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے نئے پارکس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

ایم پی اے میاں محمد منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوام کے بے شمار دیرینہ مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ کی خوبصورتی کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ترقی کا یہ سفر تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

More posts