برطانیہ سمیت یورپ کے متعدد ممالک نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے لبنان میں بھی اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق برطانیہ، فرانس، اٹلی، جرمنی، کینیڈا، ڈنمارک، نیدرلینڈز، اسپین، یورپی کمیشن، یورپی کونسل اور جاپان کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں خطے میں امن کے قیام پر زور دیا گیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی ایک مثبت پیش رفت ہے جس کا خیر مقدم کیا جاتا ہے، جبکہ پاکستان اور دیگر شراکت داروں کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا گیا ہے۔
رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ جاری مذاکرات کا مقصد جنگ کا جلد اور مستقل خاتمہ ہونا چاہیے، جو صرف سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔ اعلامیے میں بامعنی معاہدے کے لیے فوری پیش رفت کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف ایران کے شہریوں کے تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ خطے میں سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور ممکنہ عالمی توانائی بحران کو روکنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
یورپی رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ ان سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں امریکا اور دیگر ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
اعلامیے میں خاص طور پر لبنان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ وہاں بھی جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ خطے میں مزید کشیدگی کو روکا جا سکے۔
یورپی ممالک کا لبنان میں بھی جنگ بندی یقینی بنانے کا مطالبہ
