Baaghi TV

شرقپور شریف میں آتشبازی فیکٹری میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

blast

صوبہ پنجاب کے علاقے شرقپور شریف میں آتشبازی کا سامان تیار کرنے والی فیکٹری میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری کی عمارت کی چھت زمین بوس ہو گئی اور اطراف کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب فیکٹری میں آتشبازی کا سامان تیار کیا جا رہا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اچانک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے باعث عمارت کا ایک بڑا حصہ منہدم ہو گیا اور کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ چار زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ آتش گیر مواد کو غیر محفوظ طریقے سے تیار کرنا قرار دی جا رہی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں قائم ایسی فیکٹریوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

More posts