دولتالہ کے قریب ہولناک واقعہ گھر میں گیس بھرنے سے دھماکہ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جھلس گئے حالت تشویشناک
قیامت خیز دھماکہ میں 24 سالہ دوشیزہ ملبے تلے دب کر جاں بحق، متاثرین کھاریاں برن سینٹر منتقل علاقے کی فضا سوگ
گوجرخان (قمرشہزاد) موضع ٹھاکرہ داخلی نڑالی میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والے زوردار دھماکے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 4 مکانات زمین بوس ہو گئے، ایک نوجوان خاتون جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 4 افراد شدید جھلس گئے۔
تقریباً چھ بجے جب علاقہ مکین محوِ خواب تھے، موضع ٹھاکرہ میں گیس لیکیج کے باعث اچانک ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس نے طالب، فیصل، احمد اور صوبیدار ریاست کے مکانات کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔ واقعے میں باوا حمد کی 24 سالہ بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ فیصل کی اہلیہ اور اس کے تین معصوم بچے آگ کے شعلوں کی زد میں آکر بری طرح جھلس گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ واقعے کی اطلاع پر ریسکیو کی امدادی ٹیمیں فوری جائے حادثہ پہنچیں اور زخمیوں کو کھاریاں برن سینٹر منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ کمرے میں گیس بھر جانے کے باعث پیش آیا۔ ہولناک دھماکے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور علاقے کی فضا سوگوار ہے۔
