Baaghi TV

سوشل میڈیا پر من گھڑت الزامات بے نقاب، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کا دوٹوک مؤقف

ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر)ڈیرہ غازی خان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سردار صادق خان بلوچ نے حالیہ پریس کانفرنس میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے من گھڑت، بے بنیاد اور گمراہ کن مواد کے حوالے سے اپنا واضح اور دوٹوک مؤقف پیش کیا۔

ڈی پی او سردار صادق خان بلوچ نے کہا کہ ان کا تعلق ایک معزز بلوچ خاندان سے ہے، جہاں خواتین کی عزت و احترام کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی ہے۔ ایک حساس اور ذمہ دار سرکاری عہدے پر فائز ہونے کے ناطے ان کی بنیادی ذمہ داریاں عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی ہیں۔

انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سوشل میڈیا پر “عائشہ” نامی آئی ڈی سے مسلسل جھوٹ پر مبنی اور گمراہ کن ویڈیوز اپلوڈ کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد ان کی ذاتی، خاندانی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ ڈی پی او کے مطابق ان کے خلاف پھیلایا جانے والا تمام مواد بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جون 2023 سے جون 2024 تک اپنی دوسری اہلیہ کے ساتھ ازدواجی رشتے میں منسلک رہے، تاہم باہمی اختلافات کے باعث جون 2024 میں باقاعدہ طور پر طلاق ہو گئی۔ اس شادی سے ان کا ایک بیٹا ہے، جس کی کفالت اور پرورش وہ پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شادی اور طلاق سے متعلق تمام حقائق ان کے سینئر افسران اور قریبی ساتھیوں کے علم میں پہلے ہی موجود تھے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ اس معاملے پر قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں باضابطہ درخواست دائر کی گئی، جس پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی اور انکوائری اپنے منطقی انجام تک پہنچ چکی ہے۔ ان کے مطابق انکوائری میں ان کے خلاف عائد کیے گئے الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں سے بھی رجوع کیا گیا، جہاں انصاف کے تقاضوں کے مطابق ان الزامات کو درست قرار نہیں دیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے قانون، عدالتی نظام اور ریاستی اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

آخر میں ڈی پی او سردار صادق خان بلوچ نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ، جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پر یقین کرنے کے بجائے حقائق اور ذمہ دارانہ صحافت کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ ضلع میں امن و امان کے قیام، عوامی خدمت اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی پر مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔

More posts