پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی آکشن جاری ہے، جہاں آٹھ فرنچائزز 16 سے 20 رکنی اسکواڈ تشکیل دے رہی ہیں۔ اس سال آکشن کے لیے 800 سے زائد ملکی و غیر ملکی کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں۔
آکشن کے ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فہیم اشرف کو 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سب سے بڑی بولی دے کر اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔ اسی مرحلے میں عماد وسیم کو کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔
کراچی کنگز نے آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کو 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ لاہور قلندرز نے حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ روپے میں اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رائلی روسو کو 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں خریدا، جبکہ حسین طلعت، سعود شکیل اور احسان اللہ اس مرحلے میں منتخب نہ ہو سکے۔ راولپنڈی نے نسیم شاہ کو 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
ہر فرنچائز کو اسکواڈ مکمل کرنے کے لیے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ دیا گیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس 34 کروڑ 60 لاکھ روپے باقی ہیں، کراچی کنگز کے پاس 32 کروڑ 26 لاکھ روپے جبکہ لاہور قلندرز کے پاس 31 کروڑ 36 لاکھ روپے کا پرس موجود ہے۔
آکشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹیموں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
پی ایس ایل 11: فہیم اشرف سب سے مہنگے کھلاڑی، وارنر کراچی کنگز کا حصہ
