Baaghi TV


بنوں میں جعلی شناختی کارڈ بنانے والا گروہ گرفتار

nadra


خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغان مہاجرین کو پاکستانی خاندانوں میں شامل کر کے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی ہدایت پر خفیہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی، جس کی قیادت ایس پی سٹی توحید خان اور ایس ایچ او ریاض خان نے کی۔ کارروائی کے دوران تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جن میں اجمل، بادشاہ خان اور افغان شہری نقیب شاہ شامل ہیں۔
‎پولیس کے مطابق گروہ کے دو دیگر ارکان مامور اور زین اللہ فرار ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈز فراہم کرنے کے بدلے بھاری رقم وصول کرتے تھے اور ایک کیس میں 28 لاکھ روپے لینے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔
‎یہ گروہ افغان مہاجرین کو مقامی پاکستانی خاندانوں کے شجرہ نسب میں غیر قانونی طور پر شامل کرتا تھا تاکہ انہیں پاکستانی شہری ظاہر کیا جا سکے۔
‎ڈی پی او بنوں کا کہنا ہے کہ جعل سازی اور ملکی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور انہیں عدالت میں پیش کر کے سخت سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔

More posts