وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ فاروق ستار چاہے جتنی بھی فصیح و بلیغ اردو بول لیں، وہ حقائق کو مسخ نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کی لیز اور اس سے متعلق قانون شکنی میں بطور میئر فاروق ستار کا کردار رہا، جبکہ جماعت اسلامی کے بعض ناظمین بھی اس عمل میں شامل تھے۔
شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ فاروق ستار اس حقیقت سے انکار نہیں کر سکتے کہ انہی فیصلوں نے آگے چل کر گل پلازہ جیسے سانحے کو جنم دیا۔ ان کے مطابق اس واقعے میں فاروق ستار کا براہ راست اور بالواسطہ کردار موجود ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ یہ تمام غیر قانونی اقدامات اٹھارہویں ترمیم سے قبل کیے گئے تھے اور اب فاروق ستار خود کو بری الذمہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ان غلط فیصلوں کی بنیاد رکھی، وہ آج ان سوالات سے فرار اختیار نہیں کر سکتے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ آج کراچی کے عوام یہ سوال کر رہے ہیں کہ اگر ابتدا ہی غلط بنیادوں پر کی گئی تھی تو اس کے نتائج کی ذمہ داری کون قبول کرے گا۔
فاروق ستار حقیقت مسخ نہیں کر سکتے، گل پلازہ میں ان کا کردار موجود ہے، شرجیل میمن
