مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے چار ممالک میں میٹرک (دہم جماعت) کے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ جن ممالک میں امتحانات ملتوی کیے گئے ہیں ان میں ایران، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ان ممالک میں میٹرک کے امتحانات 31 مارچ 2026 سے شروع ہونا تھے، تاہم موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث انہیں فی الحال روک دیا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ کا کہنا ہے کہ نئی تاریخوں کا اعلان حالات بہتر ہونے پر کیا جائے گا اور طلبہ و والدین کو بروقت آگاہ کیا جائے گا، اس لیے کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک کے پہلے سالانہ امتحانات 2026 کا آغاز کل 26 مارچ سے ہوگا، جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پرائیویٹ طلبہ اپنی رول نمبر سلپس متعلقہ بورڈز کی ویب سائٹس سے حاصل کر سکتے ہیں۔
مشرق وسطیٰ کشیدگی، فیڈرل بورڈ نے 4 ممالک میں میٹرک امتحانات ملتوی کر دیے
