خیبرپختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں ڈانس کلب کھولنے کا اعلان کرنے والی ایک خاتون انفلوئنسر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو بے راہ روی کی جانب راغب کرنے اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے میں ملوث خاتون کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار خاتون کی شناخت سونیا شاہ زوجہ دادو شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں گلبہار نمبر 4، اعجاز آباد سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے ایک وائرل ویڈیو میں پشاور میں ڈانس کلب کھولنے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ ویڈیو میں نازیبا زبان بھی استعمال کی گئی جو معاشرتی اقدار اور ملکی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار انفلوئنسر کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور فحاشی، بدامنی اور بے راہ روی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق افسرانِ بالا کے نوٹس لینے کے بعد غیر اخلاقی زبان کے استعمال پر خاتون کو تھانہ گلبہار کی لیڈیز پولیس کے ہمراہ گرفتار کیا گیا۔
پشاور میں ڈانس کلب کے اعلان پر خاتون انفلوئنسر گرفتار
