وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) لاہور نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک اشتہاری ملزم بھی شامل ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کارروائیاں ضلع شیخوپورہ میں کی گئیں جہاں سے بابر علی اور ملک شہریار علی نامی ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث تھے۔
تحقیقات کے مطابق ملزم بابر علی سال 2024 سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے متحدہ عرب امارات کے ورک ویزا کا جھانسہ دے کر ایک شہری سے 8 لاکھ 30 ہزار روپے وصول کیے، مگر وعدے کے باوجود بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکام رہا۔
دوسری جانب ملزم ملک شہریار علی پر برطانیہ میں ملازمت کا ویزا دلوانے کے نام پر 57 لاکھ روپے فراڈ کرنے کا الزام ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے اور متاثرہ شہریوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو دھوکہ دہی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
لاہور میں ایف آئی اے کی کارروائی، ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 انسانی اسمگلرز گرفتار
