Baaghi TV

فیفا ورلڈ کپ ، سعودی عرب اور یوراگوئے کا سنسنی خیز مقابلہ 1-1 سے برابر

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایچ میں سعودی عرب اور یوراگوئے کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ مقابلہ 1-1 گول سے برابر ختم ہوگیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک ایک پوائنٹ حاصل کر لیا۔

میامی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے پہلے ہاف میں سعودی عرب نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مسلسل حملوں کے ذریعے یوراگوئے کے دفاع پر دباؤ برقرار رکھا۔ سعودی ٹیم نے ابتدائی 45 منٹ میں پانچ شاٹس لگائے جن میں سے تین ہدف پر رہے۔ ان کی کوششیں 41ویں منٹ میں رنگ لے آئیں جب عبدالالہ العمری نے شاندار گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی۔یوراگوئے نے بھی پہلے ہاف میں کئی مواقع پیدا کیے اور پانچ شاٹس کے ذریعے گول کیپر کو آزمایا، تاہم وہ وقفے تک برابری کا گول کرنے میں ناکام رہا۔

دوسرے ہاف میں یوراگوئے نے کھیل پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا اور 65 فیصد بال پوزیشن اپنے پاس رکھی۔ جنوبی امریکی ٹیم نے مجموعی طور پر 27 شاٹس لگائے جن میں سے 10 ہدف پر تھے، تاہم سعودی دفاع نے طویل عرصے تک بھرپور مزاحمت کی۔

یوراگوئے کی جانب سے میکسی میلیانو نے 80ویں منٹ میں اہم گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا اور مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔اعداد و شمار کے مطابق یوراگوئے نے 584 پاسز مکمل کیے اور اس کی پاسنگ درستگی 92 فیصد رہی، جو میدان کے وسط میں اس کی برتری کو ظاہر کرتی ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب نے 313 پاسز کیے جبکہ اس کی پاسنگ درستگی 35 فیصد ریکارڈ کی گئی۔میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں نے فتح کے لیے بھرپور کوشش کی، تاہم کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کر سکی اور مقابلہ برابری پر اختتام پذیر ہوا۔ اس نتیجے کے بعد دونوں ٹیموں کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات برقرار ہیں

More posts